اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) معطل کردیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت محرم الحرام اور دیگر سکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں سکیورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں ایک سیاسی جماعت دعوت کے باوجود شریک نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: اے پی سی میں شرکت، بانی پی ٹی آئی کا جواب خوش آئند ہے: عطا تارڑ
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں جلسے سے متعلقہ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا گیا، ڈی سی کی طرف سے دی گئی اجازت کا موجودہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں ازسر نو جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی طرف سے جاری کردہ جلسے کا این او سی معطل کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسے کے این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا، اسلام آباد میں امنِ عامہ برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے۔
پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا فیصلہ
دوسری جانب اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے این او سی کی منسوخی پر پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ہم ہر صورت جلسہ کریں گے اور جلسہ ہوگا، ہم فیلڈ کے لوگ ہیں جلسہ کرنا آتا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ مانسہرہ کے جلسے سے آ رہا ہوں معلوم ہوا این او سی کینسل کی گئی ہے، ہم تیاریاں کررہے ہیں جلسے کیلئے ورکرز جمع ہوں گے، کسی بھی صورت جلسہ کینسل نہیں ہوگا۔