اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے نو مئی مقدمات کی تفتیش اور گرفتاری کا معاملہ ، لاہور پولیس کی 13رکنی تحقیقاتی ٹیم جناح ہاؤس ، عسکری ٹاور اور شادمان تھانہ حملہ کیس کی تفتیش کرے گی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی کی سربراہی میں 13 رکنی تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کرنے اڈیالہ جیل راولپنڈی گئی ہے تینوں مقدمات میں ڈیجیٹل شواہد اور گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری تینوں مقدمات میں مطلوب ہے ، 13 رکنی ٹیم میں 12 انسپکٹرز ، ڈی ایس پی لیگل شامل ہیں ، تفتیشی 9 اور10 مئی کو پیش آنے والے واقعات میں بانی پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کے مطابق واٹس ایپ گروپس میں اعلی قیادت کے پیغامات اور بانی پی ٹی آئی کے بیانات کے حوالے بطور شواہد ہیں ، 9 مئی کو گرفتاری کے بعد جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب کی منصوبہ بندی پہلے کی جاچکی تھی ، شامل تفتیش کرنے کے بعد باقاعدہ گرفتاری اعلی حکام کی ہدایت پر ڈالی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :توشہ خانہ کا نیا ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور میں 9 مئی کے واقعات پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت 14 مختلف مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ کے لیے نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
گزشتہ روز نیب نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانیٔ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر کے 7، 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں کو کیس سے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔