خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری پرائمری سکولوں کے طا لب علموں کو مفت کھانا دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی صدارت میں محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سرکاری سکولوں کے بچوں کے لئے خیبر پختونخوا کابینہ نے اہم قدم اٹھالیا۔
صوبائی حکومت نے سرکاری پرائمری سکولوں میں ’’سکول کھانہ پروگرام ‘‘شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت صوبے بھر کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے پرائمری سکولوں میں بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر ایبٹ آباد اور سوات میں بطور پائلٹ پراجیکٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اعلامیے میں مزیدبتایا گیا ہے کہ کامیابی کے بعد پروگرام کو صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی شروع کیا جائے گا۔
پروگرام کے تحت کم و بیش روزانہ70 ہزار بچوں کو مفت اور معیاری کھانا فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔اس پروگرام پر سالانہ 50 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جو صوبائی حکومت خود ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا ایک بار پھر 9مئی واقعات سے اظہار لاتعلقی
اس کے علاوہ مجوزہ پروگرام پر عمل درآمد کے لئے محکمہ سماجی بہبود اور نجی این جی اوز کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔