پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی،حج مشن نے استقبال کیا

پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی،حج مشن نے استقبال کیا

پاکستان سے آنے والے عازمینِ حج کی پہلی پرواز کا مدینہ منورہ میں نہایت شانداراورروحانی استقبال کیا گیا، جس نے مقدس سفر کے آغاز کو یادگار بنا دیا، یہ پرواز کراچی سے روانہ ہو کر مدینہ منورہ پہنچی، جہاں ایک سو پچپن عازمین کو خوش آمدید کہا گیا۔

مدینہ ہوائی اڈے پر عبدالوہاب سومرو اور زاہد سہیل نے دیگر حکام کے ہمراہ عازمین کا استقبال کیا، اس موقع پر عازمین پر پھول نچھاور کیے گئے، تحائف پیش کیے گئے اور روایتی سعودی ثقافتی انداز میں خوش آمدیدی نغموں اور دف کی تھاپ نے فضا کو مزید روح پرور بنا دیا۔

عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں معیاری رہائش فراہم کی گئی، جہاں ان کے آرام، عبادات اور سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مہمان نوازی کے طور پر کھجوریں، مشروبات اور معیاری ناشتہ پیش کیا گیا تاکہ مسافروں کی تھکن دور ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت کا عازمین حج کے لیے بڑی مفت سہولت کا اعلان

مزید سہولت کے لیے عازمین کو نسک کارڈز جاری کیے گئے ہیں، جو عبادات اور نقل و حرکت کے دوران آسانی فراہم کریں گےاعلیٰ حکام نے خود انتظامات کی نگرانی کی تاکہ ہر مرحلے پر بہترین معیار برقرار رکھا جا سکے۔

عازمینِ حج نے ان شاندار انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور پاکستان اور حج مشن پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مدینہ منورہ تک سفر نہایت منظم اور آرام دہ رہا، جس سے ان کے مقدس سفر کا آغاز خوشگوار انداز میں ہوا۔

حکام کے مطابق آئندہ آنے والی پروازوں کے لیے بھی اسی معیار کے انتظامات برقرار رکھے جائیں گے، جبکہ مختلف اداروں کے درمیان قریبی رابطہ یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ہر عازم کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *