پنجاب حکومت نے شہریوں پر کوڑا ٹیکس لگانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اس سلسلے میں پنجاب کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے صوبے میں کوڑا ٹیکس لگانے کی منظوری دے دی۔
صوبائی کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں کوڑا ٹیکس لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔
کوڑا ٹیکس، دیہاتی شہری علاقوں کے رہائشی افراد کے ساتھ ساتھ چھوٹے اوربڑے کاروباری افراد پر لگے گا،یہ ٹیکس پنجاب بھر میں چھوٹے اور بڑے گھروں کی تناسب پر لگایا جائے گا، کچی آبادیوں کے مکینوں پر بھی کوڑا ٹیکس لگے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فنڈز کی عدم فراہمی، قبائلی اضلاع میں پناہ گاہیں، منشیات بحالی سنٹر بند ہونے لگے
دیہی علاقوں میں 5 مرلہ کے گھر پر 200 روپے، 10 مرلہ سے ایک کنال کے گھر پر 400 روپے، دیہات میں چھوٹے کاروبار، دکانوں پر 300 روپے، درمیانے درجے کے کاروبار پر 700 روپے جبکہ بڑے کاروبار پر 1000 روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔
شہری آبادی میں 5 مرلہ گھر پر 300 روپے، 10 مرلہ سے 1 کنال کے گھر پر 500 سے 2 ہزار روپے اور ایک کنال سے بڑے گھر پر 5 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔
اسی طرح شہروں میں چھوٹے کاروبار پر 500 روپے، درمیانے پر 1000 روپے جبکہ بڑے کاروبار پر 3 ہزار روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس لگایا جائے گا۔