صدر پی ٹی آئی لاہور چوہدری اصغر گوجر نے کہا ہے کہ سیاسی ایماء پر لاہور کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے،پولیس افسران نے تحریکِ انصاف کے کارکنوں کو تختہ مشق بنایا ہوا ہے۔
صدر پاکستان تحریکِ انصاف لاہور چوہدری اصغر گوجر نے آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی کارکنان پر پولیس افسران کے تشدد اور ہراسانی کے خلاف عدالت جائیں گے انہوں نے کہا لاہور شہر کو سیاسی ایماء پر پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، آج جتنی پولیس گردی کا سامنا لاہور میں تحریکِ انصاف کے کارکنان کو ہےاس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، اورجس طرح کا ظلم و ستم تحریکِ انصاف کارکنان پر شاہدرہ ٹاون میں کیا جا رہا ہے وہ رونگھٹے کھڑے کر دینے کے مترادف ہے، وہاں پر موجود اے ایس پی احسان شاہ، ڈی ایس پی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور روزانہ رات دو تین بجے کسی بھی گھر میں 30-32 پولیس اہلکاروں کو بھیج دیا جاتا ہے، سب سے پہلے وہ ڈی وی آر توڑتے ہیں ، ٹی وی دیگر اپلائنسز توڑتے ہیں ، وہ پولیس اہلکار خواتین کو ہراساں کرتے ہیں ، جوان بچیوں کے چہروں پر ٹارچ مارتے ہیں ، پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر اس طرح کی ہراسانی پر ایکشن لیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمیں پولیس ایف آئی آرز کا سامنا ہے لیکن ایسی پولیس گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائگا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نےپاکستان سے 10 ہزار بائیک ڈیلیوری بوائز مانگ لیے
پاکستان تحریک انصاف نے کارکنان کے خلاف کارروائی کرنے والے افسران کی لسٹیں بنانے کا فیصلہ کیاہے اور ان افسران کے خلاف پی ٹی آئی عدالت جائیگی۔ انہوں نے کہا شاہدرہ میں پولیس لوگوں کو ہراساں کر رہی ہے، ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن محمد رضا کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنوا رہا ہے، ان تمام پولیس افسران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

