مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ پہنچنا شروع، شدید گرمی کی پیشگوئی

مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ پہنچنا شروع، شدید گرمی کی پیشگوئی

مکہ مکرمہ میں سالانہ حج کے روحانی سفر کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج منیٰ کے خیموں والے شہر کی جانب روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ حج کے اس اہم مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی مقدس مقامات پر عبادات اور مناسک کی ادائیگی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق منیٰ کی جانب روانگی کا عمل دوپہر تک جاری رہے گا جبکہ عازمین پیر کی رات منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس کے بعد منگل 9 ذوالحج کو حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ ادا کرنے کے لیے عازمین منیٰ سے عرفات کی جانب روانہ ہوں گے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے مناسکِ حج کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 40 فیصد رہنے اور بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 یہی بھی پڑھیں :حج 2026 : سعودی عرب میں عازمین کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے عازمینِ حج سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کریں اور شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔

اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک بیرونِ ملک سے آنے والے عازمینِ حج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی جن میں سے بڑی تعداد فضائی راستے سے مقدس سرزمین پہنچی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستانی عازمین حج کیا کیا چیزیں اپنے پاس رکھیں ؟اہم ہدایات جاری

دوسری جانب سعودی حکام نے مقدس مقامات پر عازمین کی سہولت کے لیے سایہ دار جگہوں، مسٹ فینز اور طبی سہولیات میں اضافہ کیا ہے تاکہ حج کے دوران زائرین کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles