وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں میرٹ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو کہہ دیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی تشکیل نوکریں، میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا چناؤ کیا جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم میں اگر کوئی بھی سفارشی آتا ہے تو اس کو مسترد کرتے ہوئے صرف ٹیلنٹ کو آگے لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کی تشکیل نو ایک بڑی کامیابی ہو گی، میرٹ کے خلاف میں بھی سفارش کروں تو میری بات کو ہر گز نہ ما نیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کرکٹ پر بھرپور توجہ دیں، امید ہے پاکستان کرکٹ کا نام دوبارہ دنیا میں روشن ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیمز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈسپلن کی خلاف ورزی : پی سی بی رضوان، شاہین اور بابر کیخلاف ایکشن لینے کیلئے تیار
مجھے خوشی ہے قذافی سٹیڈیم کا سٹرکچر جدید خطوط پر استوار کرنے کا اقدام اٹھایا گیا، منصوبے کا ذمہ سنبھالنے پر محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی نے بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب بہترین کام کروائے، امید ہے محسن نقوی اس پراجیکٹ کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔