دستیاب دستاویزات کے مطابق رکن قومی اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ پچاس ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور دوران اجلاس رکن قومی اسمبلی کو بالترتیب خصوصی 4800 اور عام 2800 یومیہ الاؤنس بھی ملتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کے ممبران کو حاصل مراعات کی تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ پچاس ہزار اور دورانِ اجلاس با لترتیب خصوصی 4800 اور عام 2800 یومیہ الائونس بھی ملتاہے، رکن قومی اسمبلی کو سیشن کے دوران 2000 روپے یومیہ نقل و حمل الاؤنس بھی دیا جاتا ہے، جاری سیشن کے دوران مسلسل تین روز غیر حاضر رہنے والا رکن قومی اسمبلی یومیہ یا سفری الاؤنس کا حقدار نہیں ہوتا ہے اور اراکین قومی اسمبلی کو اخراجاتی الاؤنس ماہانہ پانچ ہزار روپے بھی ادا کیا جاتا ہے۔ سیشن یا کسی بھی دوسری آفیشل سرگرمی کے لئے آنے والے اراکین کو سفری الاؤنس بھی دیا جاتا ہے۔ بذریعہ ریل سفر پر ایک ائیر کنڈیشنڈ ٹکٹ اور ایک سیکنڈ کلاس ٹکٹ کے میزان کے برابر رقم ادا کی جاتی ہے۔ ہوائی سفر کی صورت میں ایک بزنس کلاس ٹکٹ کے مساوی رقم کا حقدار ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے احتجاج کے باوجودالیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور
دستیاب دستاویز ات کے مطابق بذریعہ سڑک سفر کی صورت میں 25 روپے فی کلومیٹر الاؤنس کا حقدار ہو گا، اور ڈیوٹی کے دوران کہیں مقیم ہونے پر دو ہزار روپے یومیہ ہاؤسنگ الاؤنس کا حقدار بھی ہو گا۔ اس کے علاوہ سالانہ تین لاکھ روپے مالیت کی مفت سفری سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے اور مفت سفر کی سہولیات پاکستان ریلویز اور پی آئی اے کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔ ہر رکن قومی اسمبلی کو رہائش گاہ پر ٹیلیفون لگانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور دفتر کی دیکھ بھال کے لئے 8 ہزار روپے ماہانہ ادائیگی کی جاتی ہے اس کے علاوہ ارکان کو گریڈ 22 کے سرکاری افسر کے مساوی میڈیکل سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو وفاقی وزیر کے مساوی مراعات اور تنخواہ دی جاتی ہیں، اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کو 25 ہزار روپے اضافی ادائیگی کی جاتی ہے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرپرسن کو سٹینو گرافر، پرائیویٹ سیکریٹری، ڈرائیور اور نائب قاصد بھی دیا جاتا ہے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرپرسن کو 1200 سے 1600 سی سی گاڑی، ماہانہ 360 لٹر پیٹرول بھی فراہم کیا جاتا ہے۔