خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، صوبے کے پندرہ اضلاع میں 86 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور چار اضلاع میں ڈینگی پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈینگی نے پنجے گھاڑ دیئےہیں ، صوبے کے 15 اضلاع میں ڈینگی کے 86 کیسزرپورٹ ہو چکے ہیں اور صوبے کے 4 اضلاع میں ڈینگی پھیلاو میں اضافہ ریکارڈ کیاجا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موسم گرما کی ابتدا سے اب تک پشاور میں 17 ، بنوں میں 11 ، صوابی میں10 ، لوئر دیر میں 10 ، ایبٹ آباد میں 10 ، باجوڑ میں 7 ، سوات میں 7 ، ہری پور میں 6، چارسدہ میں 4 ، چترال ، بونیر ، دیر اپر ، کوہاٹ ، نوشہرہ ، اور تورغر میں ایک ،ایک کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق صوبے کے 4 اضلاع میں ڈینگی کے پھیلاو میں اضافہ پایا گیا ہےجن میں ضلع سوات کی تحصیل کبل ،دربار دہرائی دیوالی ،بنوں کی تحصیل مندیو ، پشاور کے گلبہار نمبر 2 اور ضلع دیر لوئر کی تحصیل ادنزئی ٹنڈو ڈاگ شامل ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ماہ اپریل میں 2، مئی میں 18، جون میں 38 ،جولائی میں 28 اور رواں ماہ کے 7 دنوں میں 2 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں ،86 ڈینگی کیسسز میں 77 متاثرہ افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں اب تک 26 افراد ہسپتال میں داخل ہوئے اس کے علاوہ 9 فعال کیسز میں دو افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں نان کسٹم پیڈ ہزاروں گاڑیوں کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ
اس ضمن میں محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈینگی کے پھیلاو کو روکنے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ہاوس آفیسرز ( ڈی ایچ اوز) اورمیڈیکل سپرٹنڈنٹ ( ایم ایس) کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوامیں مون سون کی بارشوں سے ڈینگی کے پھیلاو کا خدشہ بڑھ گیا ہے جس کے لئے عوام کو ڈینگی کی مہلک بیماری سے بچانے کیلئے تدابیر و منصوبہ بندی پر عملدرآمد کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے ۔محکمہ صحت نے مکینیکل سویپنگ کے ذریعے کھڑے پانی کے تالابوں کوختم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کے اندر کھلے پانی کو ڈھانپا جائے اور لاروا کش ادویات سے ڈینگی سے محفوظ بنایاجائے۔عوام میں ڈینگی آگاہی مہمات پر مزید توجہ مرکوز کی جائے تاکہ عوام خود تدارک کو یقینی بنائیں اس کے علاوہ عوام میں ڈینگی علامات اور ان کے ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے بارے آگاہی پر فوکس کرنے سمیت تمام مراکز صحت اپنی بھرپور تیاری، کیس منیجمنٹ اور ڈینگی سرویلنس پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔