عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ارشد ندیم سے میں 5سال پہلے ملا تھا اور میں نے دیکھ لیا تھا کہ اس میں بڑا ٹیلنٹ ہے اس لیے میں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس مدعو کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجا ب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کےلیے تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم میں بڑا ٹیلنٹ تھا یہ مجھے پانچ سال پہلے پتہ لگ گیا تھا جب میری ان سے ملاقات ہوئی تھی ۔
پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ فخر پاکستان ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کرکے اولمپکس کی تاریخ بدل دی اور نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ دفاعی چیمپئن بھارتی نیرج چوپڑا 89.45 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ 32 سال بعد پاکستان کی اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔
پاکستان نے آخری مرتبہ بار سلونا اولمپکس 1992 کی ہاکی میں برانز میڈل جیتا تھا۔ ارشد ندیم اپنی پہلی باری میں تھرو نہ کرسکے لیکن دوسری باری میں ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کی جو اولمپکس کی تاریخ کی اب تک سب سے بڑی تھرو ہے۔ تیسری باری میں ارشد ندیم نے 88.72 میٹر، چوتھی باری میں 79.40 میٹر، پانچویں باری میں 84.87 میٹر جبکہ چھٹی باری میں91.79 میٹر تھرو کی۔
اس سے قبل اولمپک میں سب سے بڑی تھرو کا ریکارڈ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈسن کے پاس تھا جنہوں نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں 90 اعشارئیہ 57 میٹر تھرو کی تھی، ارشد ندیم نے 16 سال بعد یہ ریکارڈ ٹوڑ دیا ہے۔ ایونٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئین بھارت کے نیرج چوپڑا سمیت 12 ایتھلیٹس صف آرا تھے۔ نیرج چوپڑا نے 89.34 میٹرز تھرو کرکے فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ ارشد ندیم 86.59 میٹرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے تھے، فائنل میں کوالیفیکیشن کا معیار 84 میٹرز یا پہلے 12 بہترین تھرو کرنے والے ایتھلیٹس تھے۔