جماعت اسلامی کے اظہار تشکر کے جلسے کے پیشِ نظر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر فیض آباد کے مقام پر مری روڈ پر کنیٹرز لگا کرسڑک بند کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے ساڑھے پانچ بجے ایکسپریس ہائی وے پر اظہار تشکر جلسے کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے فیض آباد کے مقام پر اسلام آباد جانیوالے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ مری روڈ بند کرنے کے باعث ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد جانے والی ٹریفک ڈبل روڈ کے ذریعے وفاقی دارالحکومت داخل ہو سکے گی۔اسلام آباد جانے والا راستہ بند ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم مری روڈ کی اسلام آباد جانے والی سائیڈ کو بند کیا گیا ہے اور اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والی سائیڈ کھلی رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب، جماعت اسلامی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ ہے اور کسی قسم کے اجتماع کی اجازت نہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی اپیل کی ہے۔