نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ علاقائی پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل رابطہ اور سفارتکاری انتہائی ضروری ہے۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے مختلف فریقین کے درمیان پاکستان کے مثبت، متوازن اور تعمیری کردار کو سراہا اور اس کی ثالثی کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں خطے میں مکالمے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، تعاون اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تنازعات کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور یہی راستہ دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان آئندہ بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی تعاون بڑھانے کے لیے اپنی فعال سفارتی پالیسی جاری رکھے گا،یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے بھی اپنے انٹرویو میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا تھا اور کہا تھا کہ مختلف فریقین کے درمیان پاکستان کا کردار مثبت سمجھا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کسی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔