نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور ان کا خطے پر مثبت اثر پڑ رہا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فریقین کے درمیان تعمیری روابط کو فروغ دینے اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے پرامن حل اور مذاکرات کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی اس اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہو سکیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل رابطہ اور سفارتی مکالمہ ناگزیر ہے انہوں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔