اسلام آباد (مہوش قماس خان)وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتوں کی تعداد کم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کو ختم کرنے کے لیے ایک رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جس میں اس کے تمام کام متعلقہ صوبوں کو تفویض کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسلام آباد سمیت وزارت کے ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائے جائیں گے۔وزارت کے ملازمین کو سرپلس پول میں منتقل کیا جائے گا اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی)، پولی کلینک اسپتال اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) سمیت اس کے کاموں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سورج سے اٹھنے والا طوفان زمین سے کب ٹکرائے گا؟ سپارکو نے خبردار کردیا
وزارت صحت کے خاتمے کے بعد ایک نیا ڈویژن قائم کیا جائے گا جس میں بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کی وزارت کے اندر سوشل سیکٹر افیئرز ونگ بنانے کی تجویز ہوگی۔ یہ نیا ونگ صوبوں کے تعاون سے صحت اور آبادی سے متعلق امور کی نگرانی کرے گا۔
مزید برآں شیخ زید ہسپتال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔اس تنظیم نو کا مقصد سرکاری اخراجات کو کم کرنا اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔