پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج، کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی ریلی مال روڈ پر پہنچتے ہی گرفتاریاں کر لی گئیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کی سربراہی میں ایم پی ایز اور کارکنان کی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی پنجاب اسمبلی سے مال روڈ تک نکالی جانی تھی۔ تاہم ریلی مال روڈ پہنچنے پر پولیس کی بھاری نفری نے کارکنان کو گرفتار کرنا اور تشدد کرنا شروع کردیا۔چار سے پانچ کارکنان پر تشدد اور گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما کا حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ
اس سے پہلے پنجاب اسمبلی جانے والے راستے پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی اوراپوزیشن کو پنجاب اسمبلی کے باہر جانے سے روک دیا گیاتھا۔یاد رہے کہ اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی گیٹ پر جشن آزادی کی تقریب رکھی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ راولپنڈی سے بھی پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں شامل کارکنان کی گرفتاری کی گئی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی دیکھنے میں آئی اور جیل میں قید بانی تحریک انصاف و دیگر رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔