کوئٹہ کے علاقے موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے شاہراہ پر رکاوٹ کھڑی کر کے مختلف گاڑیوں میں سوار 23 مسافروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق مسلح افراد نے رعاح شام کے قریب بین الصوبائی شاہراہ کو بلاک کر کے اس گھناؤنے فعل کو انجام دیا۔مسلح افراد نے ٹرکوں اور بسوں کو روکا، پنجاب سے مسافروں کو باہر نکالا اور پھر ان پر فائرنگ کی۔ فرار ہونے سے قبل حملہ آوروں نے 10 سے زائد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے بعد پی ٹی آئی نے لاہور جلسہ بھی ملتوی کردیا
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اور لیویز حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم و صدر کی شدید مذمت:
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔زیراعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل میں مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کرنے کے دہشتگردانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں۔
انہوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو مکمل مدد فراہم کی جائے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 12دہشتگرد ہلاک
صدر مملکت ڈاکٹر آصف زرداری نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بے گناہ لوگوں کا بہیمانہ قتل انسانیت کی خلاف ورزی ہے اور دہشت گرد ملک، قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
آصف زرداری نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کے لئے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کیلئے دعامغفرت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 23 بے گناہ افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور متاثرین کی روحوں کے لئے دعا کی۔