وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نےلاہور جلسے سے متعلق کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلوں کی قیادت خود کریں گے اور حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ 21 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والے جلسے کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے جانی و مالی قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم مافیاز، کرپٹ لوگوں اور مینڈیٹ چوروں سے اپنی حقیقی آزادی حاصل کریں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی لاہور جلسہ : لاہور ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی اور ڈپٹی کمشنر کو طلب کر لیا
علی امین گنڈا پور نے عمران خان کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “گھبرانا نہیں،” اور تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ جلسے کے لیے نکلیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خیبرپختونخوا سے لاہور جانے والے قافلوں کی قیادت خود کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ فیصلہ کریں کہ ہمیں آزادی لینی ہے یا ان چوروں اور لٹیروں کے حوالے اپنے بچے کرکے انہیں غلام بنانا ہے۔ “ہم آزاد تھے اور آزاد رہیں گے، اور اپنی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ رہیں گے۔

