کیا رواں سال فیفا ورلڈ کپ میں کچھ نیا ہونیوالا ہے ؟ فٹبال شائقین میں اس وقت اسی سوال پر بحث جاری ہے، کیونکہ گزشتہ تین ورلڈ کپ فاتحین کی درست پیشگوئی کرنے والے جرمن ریاضی دان نے اب اگلے عالمی چیمپئن کے نام کی بھی پیشگوئی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس تازہ پیشگوئی سے کھیلوں کی دنیا میں تجسس کی نئی لہر دوڑ گئی ہے ، جرمن ریاضی دان (Joachim Klement)جواخم کلیمنٹ نے اپنے ریاضیاتی اور مالیاتی ماڈلز کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ 2026 فیفا ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز ٹائٹل جیتنے کی مضبوط ترین امیدوار ٹیم ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نیدرلینڈز ماضی میں تین مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچ چکی ہے، لیکن اب تک عالمی اعزاز اپنے نام نہیں کر سکی۔
جواخم کلیمنٹ کی پیشگوئی کیوں توجہ کا مرکز بنی؟
جواخم کلیمنٹ کا نام فٹبال حلقوں میں اس وقت نمایاں ہوا جب انہوں نے 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا کے ورلڈ کپ جیتنے کی درست پیشگوئی کی ، یہی وجہ ہے کہ ان کی نئی رائے کو دنیا بھر میں غیر معمولی توجہ مل رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلیمنٹ پیچیدہ ڈیٹا، ٹیموں کی کارکردگی، کھلاڑیوں کے اعداد و شمار اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ماڈلز تیار کرتے ہیں تاہم وہ خود اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ کھیلوں کے نتائج کا سو فیصد درست اندازہ لگانا ممکن نہیں۔
نیدرلینڈز کیوں مضبوط امیدوار، ریاضی دان بھی محتاط ؟
ماہرین کے مطابق نیدرلینڈز کے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج موجود ہے، ٹیم گزشتہ چند برسوں میں مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور عالمی سطح پر مضبوط حریفوں کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب برازیل، ارجنٹینا، فرانس، اسپین اور انگلینڈ جیسی روایتی طاقتور ٹیمیں بھی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہیں ، یہی وجہ ہے کہ کلیمنٹ کی پیشگوئی نے فٹبال شائقین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اگرچہ ان کی گزشتہ تین پیشگوئیاں درست ثابت ہو چکی ہیں، لیکن جواخم کلیمنٹ اپنی نئی پیشگوئی کے حوالے سے مکمل یقین کا اظہار نہیں کرتے، ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ان کا طریقہ کار کسی حد تک لاٹری یا سکّہ اچھالنے جیسا ہے، جہاں ماضی کی کامیابی مستقبل کی ضمانت نہیں بنتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلسل تین بار درست ثابت ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ چوتھی پیشگوئی بھی لازمی درست ہو، ان کے مطابق فٹبال میں ایک لمحہ پورا منظرنامہ بدل سکتا ہے۔
شائقین کا ردعمل اور ممکنہ اثرات
سوشل میڈیا پر اس پیشگوئی کے بعد فٹبال شائقین کی آرا تقسیم نظر آ رہی ہیں۔ کچھ افراد کا خیال ہے کہ ڈیٹا اور ریاضیاتی ماڈلز جدید کھیلوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ دوسرے شائقین اسے محض ایک اندازہ قرار دے رہے ہیں۔
تاہم ایک بات طے ہے کہ ایسی پیشگوئیاں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل جوش و خروش میں اضافہ کرتی ہیں ، اگر نیدرلینڈز واقعی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ نہ صرف اس کے فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا لمحہ ہوگا بلکہ جواخم کلیمنٹ کی شہرت میں بھی مزید اضافہ کرے گا۔
کیا تاریخ خود کو دہرائے گی؟
ایک ماہ سے زائد عرصے پر محیط 2026 فیفا ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور 100 سے زائد میچز کھیلے جائیں گے ، ایسے میں ہر ٹیم کا خواب عالمی چیمپئن بننا ہے، اب سب کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا جواخم کلیمنٹ کی پیشگوئی ایک بار پھر درست ثابت ہوگی یا فٹبال کی دنیا کسی نئے اور غیر متوقع چیمپئن کا استقبال کرے گی۔