فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا آج سے آغاز ، کن ستاروں پر ہونگی دنیا کی نظریں؟

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا آج سے آغاز ، کن ستاروں پر ہونگی دنیا کی نظریں؟

دنیا بھر کے کروڑوں فٹبال شائقین کا انتظار بالآخر ختم ہونے جا رہا ہے کیونکہ فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا رنگا رنگ میلہ آج سے شروع ہو رہا ہے، جہاں صرف عالمی ٹائٹل کی جنگ ہی نہیں بلکہ دنیا کے بڑے ستاروں کی ساکھ بھی داؤ پر لگی ہوگی۔

شائقین بے صبری سے اس سوال کا جواب جاننا چاہتے ہیں کہ کیا لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر جادو جگائیں گے، یا نئی نسل کے ستارے عالمی اسٹیج پر اپنی حکمرانی قائم کریں گے؟ یہی تجسس اس ایونٹ کو مزید دلچسپ بنا رہا ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر میں جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے،  مختلف ممالک کی ٹیمیں عالمی تاج اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی، جبکہ کروڑوں مداح اپنی پسندیدہ ٹیموں اور کھلاڑیوں کی حمایت میں پرجوش نظر آ رہے ہیں۔

سب سے بڑا ورلڈ کپ

یہ پہلا ورلڈ کپ ہے جس میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، یوں یہ فٹ بال کی تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہے،  39 دن کا یہ میلہ وینکوور (کینیڈا) سے میامی (امریکہ) تک پھیلے 16 سٹیڈیمز میں جاری رہے گا جس میں  پہلا میچ میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان میکسیکو سٹی کے ایسٹاڈیو ایزٹیکا میں کھیلا جانا ہے۔ فائنل امریکہ میں ہوگا۔

کون سی ٹیمیں فیورٹ ہیں

ماہرین اور بک میکرز دونوں کی نگاہ میں سپین اور فرانس سب سے آگے ہیں،  اس کے بعد انگلینڈ، برازیل اور ارجنٹائن۔ جرمنی بھی دور نہیں ۔

میسی اور رونالڈو پھر مرکزِ نگاہ

اس بار بھی عالمی مقابلے میں کئی بڑے نام موجود ہیں، تاہم سب سے زیادہ توجہ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور پرتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو پر مرکوز ہے۔

لیونل میسی اپنے شاندار کیریئر کا ریکارڈ چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں ،  ارجنٹائن کے مداح پُرامید ہیں کہ وہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور تجربے کی بدولت ٹیم کو ایک بار پھر کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانی نژاد فٹبالر زیڈان اقبال فیفا ورلڈکپ 2026 میں شرکت کیلئے تیار

دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو بھی پرتگال کے لیے میدان میں اترنے کو تیار ہیں،  پرتگالی شائقین کو یقین ہے کہ ان کا اسٹار فارورڈ بڑے مقابلوں میں اپنی روایتی کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو ٹائٹل کی دوڑ میں مضبوط مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

نئی نسل کے ستارے بھی تیار

اگرچہ میسی اور رونالڈو بدستور توجہ کا مرکز ہیں، تاہم کئی نوجوان کھلاڑی بھی اس ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔

برازیل کی امیدوں کا محور وینیشیئس جونیئر ہوں گے، جن سے شاندار کھیل کی توقع کی جا رہی ہے ، اسی طرح فرانس کو اپنے اسٹار فارورڈ کائلین ایمباپے پر بھرپور اعتماد ہے،  ان کی رفتار، مہارت اور گول اسکورنگ صلاحیت کسی بھی دفاع کیلئے بڑا چیلنج سمجھی جاتی ہے۔

انگلینڈ کی نظریں تجربہ کار اسٹرائیکر ہیری کین پر جمی ہوں گی جبکہ اسپین کے نوجوان سنسنی خیز کھلاڑی لامین یامال سے غیر معمولی کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔

فٹبال ماہرین کے مطابق یامال اس ٹورنامنٹ کے سب سے نمایاں نوجوان ستاروں میں شامل ہو سکتے ہیں۔

وہ کھلاڑی جو مقابلے کا رخ بدل سکتے ہیں

فرانس کے عثمان دمبیلے، ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ اور مراکش کے اشرف حکیمی بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن پر شائقین خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ تمام ستارے اپنی انفرادی صلاحیت سے میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ان کی کارکردگی نہ صرف اپنی ٹیموں بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

اس ورلڈ کپ کا مختلف فارمیٹ

پچھلے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ٹیمیں 32 ہوتی تھیں، چار چار ٹیموں کے آٹھ گروپس۔ ان میں سے 16 ٹیمیں اگلے ناک آوٹ راونڈ میں جاتی تھیں۔ آپس میں میچز کے بعد آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل میں اور پھر چار سیمی فائنل، دو فائنل میں ، اس بار معاملہ مختلف ہے۔ 48 ٹیموں کے بارہ گروپ ہیں۔

بارہ گروپوں میں سے ہر گروپ کی اوپر کی دو ٹیمیں یعنی کل 24 ٹیمیں تو خودبخود اگلے مرحلے میں چلی جائیں گی۔ اب بچتی ہیں12 گروپوں کی 12 تیسرے نمبر کی ٹیمیں۔ ان 12 میں سے جن آٹھ کے پوائنٹس، گول کا فرق اور دیگر حساب کتاب سب سے بہتر ہو گا، وہ بھی آگے جائیں گی۔ یوں ٹوٹل 32 ٹیمیں اگلے ناک آوٹ راونڈ میں کوالیفائی کر جائیں گی۔

شائقین کو یادگار مقابلوں کی توقع

دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیموں کے پاس ایک سے بڑھ کر ایک باصلاحیت کھلاڑی موجود ہے،  اس لیے فٹبال شائقین کو سنسنی خیز، سخت مقابلوں اور ڈرامائی لمحات سے بھرپور ٹورنامنٹ کی توقع ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی ورلڈ کپ کا بخار چڑھ چکا ہے اور مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کے حق میں پیش گوئیاں کر رہے ہیں، جبکہ فٹبال ماہرین ممکنہ چیمپئن کے بارے میں مختلف آرا دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈکپ ٹرافی کی اصل مالیت کیا ہے؟ حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے

اب سب کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا عالمی تاج کس ٹیم کے سر سجے گا۔

editor

Related Articles