پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ 8ستمبر کا جلسہ حکومت اور عوام کے درمیان کھلی جنگ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق انکا کہنا تھا کہ بانی و چیئرمین عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ جلسہ منسوخ نہیں ہوگا۔ شاندانہ گلزار نے کہا کہ عمران خان کی باعزت رہا ئی کو یقینی بنایا جائے ۔ پاکستان میں امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیاں چل رہی ہیں۔ وہ پارلیمنٹ ہا ؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدلیہ کے حوالے سے ترمیم کرنا چاہتی ہے۔
اپوزیشن کا کوئی ممبر اسمبلی اس معاملے میں حکومت کی حمایت نہیں کرے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ 8ستمبر کا جلسہ کسی صورت روکا جائے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ زندگی میں اصولوں کی بنیاد پر جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر عوام اس لیے خاموش ہیں کہ عمران خان ابھی تک زندہ ہیں۔ ا گر ان کو کچھ ہوا تو پاکستان کے عوام اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔
عمران خان کو ایک کنٹینر میں قید کیا ہوا ہے۔ 8فروری کے الیکشن میں جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومت اب مزید نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔
مسلم لیگ (ن )نے قومی اسمبلی کی صرف 17 نشستیں جیتی ہیں اور انہیں اقتدار سونپ دیا گیا ہے۔ عمران خان نے دو تہائی الیکشن میں نشستیں حاصل کی ہیںمگر ہمارے انتخابی نتائج کو بدل دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترجیح بنیادوں پر عدلیہ میں ترمیم کے حوالے سے جو کوششیں کر رہی ہے اس سے منسوخ کریں ورنہ عدلیہ اور حکومت میں ایک نئی جنگ چھڑ جائے گی۔ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے جو فیصلہ دیا ہے حکومت اس پر عملدرآمد کرے۔

