اسلام آباد کی پولیس کووزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی کے )علی امین گنڈاپورکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری موصول ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری تھانہ بھارہ کہو پولیس نے وصول کر لئے ہیں۔
اس معاملے پر ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو وارنٹ گرفتاری کی فوری تعمیل کا حکم دیا گیا ہے۔ وارنٹ گرفتاری پر علی امین گنڈا پور کے ڈیرہ اسماعیل خان ( ڈی آئی خان) کے گھر کا پتہ بھی درج کر دیا گیا ہے ۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کے پی کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور کو بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کے کیس میں علی امین گنڈاپور کی طبی بنیادوں پر حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کی خاتون ایم پی اے صوبیہ شاہد تمام کمیٹیوں سے مستعفی
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کی طبی بنیادوں پر کیس میں پیش ہونے سے معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو کل علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔