اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختونخوا کے عوام نے طاقت کے زور پر اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا، جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ہم یہ جہاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او دینے والے ہار چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ہے، قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے، این او سی ہونہ ہو اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ختم ، ٹریفک رواں دواں
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا ، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مسلمانوں کی بات ہے، ہمارے لیڈر نے ناموس رسالت کی بات کی ، یہ سب سیاست دان امریکی غلام ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر کے ساتھ اس لیے کھڑے کہ وہ حق کی بات کررہا ہے ، اگر اس نظام میں ظلم بند نہ ہوا تو ہم جہاد کریں گے ، ہزار ارب لوٹنے والے کو چھوٹ دی جاتی ہے، ہمارے لیڈر کو جیل میں بیٹھ کر عزت مل رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور کاکہنا تھا کہ اس ملک میں بار بار قانون توڑا جاتا ہے پاسداری نہیں کی جاتی ،تمام ادارے کے لوگ حلف کی پاسداری کریں ، آپ کہتے تھے کہ ہم سیاست میں دخل اندازی نہیں کرتے ، مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے لیڈر کو رہا کروا لیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر مینار پاکستان اجازت ہو گی تو ٹھیک ہے لیکن مینڈیٹ چورو ہم سے پنگا مت لینا، پنگا لیا تو تمہارا وہ حال کریں گے کہ تمہیں بنگلہ دیش بھول جائے گا، چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وکلا نے بتایا کہ ان کے کیسز ختم ہو چکے ہیں، ایک سے دو ہفتے میں قانون طور پر عمران خان رہا نہ ہوا خدا کی قسم تو ہم عمران خان کو بھی خود رہا کریں گے، میں آپ کی قیادت کروں گا اور پہلی گولی میں کھاؤں گا، اب پیچھے مت ہٹنا کیونکہ اگر ہم پیچھے ہٹے تو نہ دوبارہ ایسا موقع ملے گا نہ دوبارہ ایسا لیڈر ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جلد رہا ہو گا اور کوئی رکاوٹ بنا تو میرے پاس بھی کئی لوگوں کے کیسز پڑے ہیں، ان سب کو ہتھکڑیاں لگا کر گھسیٹوں گا، پختونخوا میں عمران خان کی حکومت ہے۔