پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے حالیہ دنوں میں منظر عام پر آنے والے ایک دلخراش قتل کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’عوام کو حقائق کے بارے میں علم ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر غلط طور پر دعویٰ کیا گیا کہ مقتولین نوبیاہتا جوڑا تھے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ خاتون 5 بچوں کی ماں تھی جبکہ قتل ہونے والے مرد کے بھی 4 سے 5 بچے تھے۔ دونوں کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا‘۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے سے قبل ہی اس کا نوٹس لیا گیا تھا اور آئی جی بلوچستان کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیس میں اب تک 11 افراد گرفتار ہو چکے ہیں اور دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ’جو بھی اس کیس میں ملوث ہوگا، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘۔
وزیراعلیٰ نے ڈی ایس پی کو معطل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ بروقت حکومت کو واقعے سے آگاہ کرتے، اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے جرگے بلوچستان میں ہوتے رہے ہیں، تاہم حکومت نے ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔ ’ہم جرگوں کو پروموٹ نہیں کریں گے، ہمیں آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس کیس کو “ٹیسٹ کیس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بار بھی مکمل انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا تھا جس میں بلوچستان کے دور دراز پہاڑی علاقے ڈیگاری میں ایک نوجوان جوڑے کے غیرت کے نام پر بہیمانہ قتل کے بعد کم از کم 11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ یہ واقعہ ملک بھر میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے اور قبائلی انصاف کے نظام کے خاتمے کے مطالبات کو ایک بار پھر زور دیا گیا ہے۔
متاثرہ جوڑے، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، کو مقامی قبائلی جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا کیونکہ ان پر خاندان کی مرضی کے خلاف ایک ساتھ رہنے کا الزام تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں قتل کی دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے کھڑی ہے اور اپنے شوہر سے کہتی ہے کہ وہ اس کے ساتھ 7 قدم چلے، جس کے بعد وہ موت کو قبول کرے گی۔ گولیاں لگنے کے بعد بھی خاتون کچھ دیر تک کھڑی رہتی ہے اور پھر زمین پر گر جاتی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قاتل قتل کے بعد بھی دونوں کو گولیاں مارتے رہتے ہیں۔ ویڈیو میں کئی پک اپ گاڑیاں بھی نظر آتی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جوڑے اور قاتلوں کو اس جگہ پر خاص طور پر لایا گیا تھا۔