پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اسلام آباد میں منعقدہ جلسے پر عوام کا شکریہ ادا کردیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے لوگوں کو ظلم کے خلاف اٹھنے کی طاقت اور ہمت دی۔ عمران خان نے اپنے سپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو عبور کر کے جلسے میں شرکت کی اور حقیقی آزادی کے لیے کھڑے ہونے اور لڑنے کے لیے خوف کی بیڑیاں توڑ دی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ”اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْن” پر یقین رکھتے ہوئے، ان شاء اللہ ان کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف سیاسی پاور شو، اسلام آباد پولیس کے اخرجات 6کروڑ تک پہنچ گئے
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے جلسے میں مختلف شرائط کی خلاف ورزیوں، جلسے کے وقت پر ختم نہ کرنے، اور اہلکاروں پر پتھراؤ کے الزامات کے تحت منتظمین کے خلاف تین مقدمات درج کر لیے ہیں۔ مقدمات میں پی ٹی آئی کی اہم رہنماؤں بشمول زرتاج گل، عامر مغل، شعیب شاہین، عمر ایوب، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت کے نامزد ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حال ہی میں منظور شدہ پرامن اجتماع اور امنِ عامہ کے قانون کے تحت، تھانہ سنگجانی میں جلسے کے معینہ وقت کی پاسداری نہ کرنے پر پہلا مقدمہ درج کیا گیا۔ دوسرا مقدمہ تھانہ سمبل میں جلسے کے قافلے کے معینہ روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سادات کالونی اور سری نگر ہائی وے سے گزرنے پر درج کیا گیا۔ تیسرا مقدمہ تھانہ نون میں ایس ایس پی سیف سٹی سمیت دیگر اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے کے الزام میں درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق استغاثہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے روٹ کی خلاف ورزی پر پولیس کو روکا، جس پر کارکنوں نے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایس ایس پی سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی اور موقع سے 17 مظاہرین کو گرفتار کیا۔

