پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر منظور شدہ (نون پی ٹی اے اپرووڈ ) اور غیر قانونی موبائل فونز کی خرید و فروخت، استعمال اور درآمد پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے۔
اس حوالے سے سال 2026ء کی اپ ڈیٹس کے مطابق پی ٹی اے کا مؤقف واضح ہے کہ غیر تصدیق شدہ موبائل ڈیوائسز کسی بھی وقت بلاک کی جاسکتی ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کومتنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی اور غیر تصدیق شدہ موبائل فونز کی روک تھام کے لیے ’ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم‘ (ڈی آئی آر بی ایس) متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت غیر تصدیق شدہ آئی ایم ای آئی رکھنے والی ڈیوائسز کو بتدریج بلاک کیا جارہا ہے۔
اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فون خریدنے سے قبل دکاندار سے اس کی تصدیق لازمی کریں اور صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل فونز ہی خریدیں۔
پی ٹی اے کے مطابق شہری موبائل خریدنے سے پہلے فون کا آئی ایم ای آئی نمبر ضرور چیک کریں، جبکہ فون میں موجود آئی ایم ای آئی نمبر کا ڈبے پر درج نمبر سے موازنہ بھی کیا جائے۔
اتھارٹی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر معلوم کرنے کے لیے *#06# ڈائل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شہری 8484 پر آئی ایم ای آئی نمبر ایس ایم ایس کرکے بھی فون کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ غیر قانونی ڈیوائسز کی خرید و فروخت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ 2016 کے تحت جرم ہے، جس پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موبائل خریدتے وقت ویب سائٹ یا ڈی آئی آر بی ایس سسٹم سے مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی قانونی یا تکنیکی مشکل سے محفوظ رہا جاسکے۔