ملک کے مختلف حصوں میں آج موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ چند شہروں میں بادلوں کی آمد سے گرمی کی شدت میں وقتی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ شہر میں صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں پارہ 34 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تقریباً 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی۔
ادھر گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے اور بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں آج موسم نسبتاً خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہر میں بادلوں کی آمد اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دن کے دوران درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہونے کے باعث موسم مرطوب مگر نسبتاً بہتر محسوس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج شہر میں بارش کا امکان نہیں، تاہم آئندہ ہفتے بادل برسنے کی توقع موجود ہے۔
ادھر کراچی میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے جہاں صبح سویرے ہی درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ سمندری ہواؤں میں کمی کے باعث حبس میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔