ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تعلیمی اسناد کی تصدیق کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مکمل طور پر ڈیجیٹل ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس نئے نظام کا بنیادی مقصد تصدیقی عمل کو زیادہ مؤثر، شفاف اور صارف دوست بنانا ہے۔ اس سسٹم کے تحت درخواست دہندگان کو اب فزیکی طور پر دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جائیں گے۔
ایچ ای سی کے مطابق شہری گھر بیٹھے اپنی درخواست جمع کرا سکیں گے اس کی ٹریکنگ کر سکیں گے اور تصدیقی عمل کی ہر اسٹیج سے باخبر رہ سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ تصدیقی نظام میں موجود تاخیر اور پیچیدگیوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ جدید ڈیجیٹل نظام 30 جون 2026 تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ایچ ای سی نے سی ایم پاک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نئے نظام میں بلاک چین ٹیکنالوجی کو شامل کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے ڈگریوں کی تصدیق محفوظ، ناقابلِ تبدیلی اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنیادوں پر کی جائے گی۔ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے جعلی اسناد کے مسئلے پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔