وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی میں نمایاں کمی کردی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 40 روپے 49 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 106 روپے 74 پیسے فی لیٹر سے کم ہوکر 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین تک منتقل کرنے کے لیے پیٹرول پر لیوی کم کی گئی جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی ممکن ہوئی۔ ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر تقریباً 34 روپے فی لیٹر تک عوام کو منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کردیا ہے۔ ڈیزل پر لیوی 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 53 روپے 26 پیسے سے 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل اثر خصوصاً کروڈ آئل کی قیمتوں میں کمی دیگر عوامل کے ساتھ مکمل طور پر منتقل کیا جاتا تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان تھا۔ تاہم حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں کمی کرکے صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی قیمتوں درآمدی لاگت، ڈالر ریٹ، ٹیکسز اور لیوی سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے، اس لیے خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ منتقل ہونے کے لیے ان تمام عوامل کا جائزہ ضروری ہوتا ہے۔