پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گرنے کے بعد پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرائے 30 سے 70 روپے تک کم کر دئیے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر پنجاب میں کرایوں میں کمی کردی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرا ئے 30 سے 70 روپے تک کم کر دئیے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ جب پٹرول کی قیمت گرتی ہے تو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوا ز اور ان کی پوری کابینہ کرایوں میں کمی کے لیے متحرک نظر آتی ہے، اس کے علاوہ مریم نوا ز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کرایوں میں کمی ہر صورت میں ہونی چاہیے۔
پٹرول سستا ہونے پر پنجاب کے علاوہ کسی دوسرےصوبے میں آج تک کرا یوں میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی ۔ عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کیے کرائے مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے، تمام بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کرایوں کا شیڈول خود چیک کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کی سختی سے ہدایات کی ہیں کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کر نیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، پٹرول اورڈیزل سستا ہونے کا ریلیف مسافروں تک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے، تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی چاہیے کہ وہ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں ، مریم نواز کرایوں میں کمی کی تمام صور ت حال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔