پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا جبکہ ڈالر کی قمیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کرکے روایتی بیل بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی ، 100 انڈیکس 700 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ ، 22 ہزار 903 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1949 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 22 ہزار 143 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹر بینک میں امریکی ڈالر 9 پیسے مہنگا ہوگیا،انٹر بینک میں ڈالر 282.96 روپے سے بڑھ کر 283.05 روپے پر پہنچ گیا۔
کاروباری حلقوں کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد، مالیاتی پالیسی میں تسلسل اور متوقع معاشی اصلاحات کے باعث دیکھی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال اگر برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں مزید بہتری کا امکان ہے، تاہم عالمی مالیاتی حالات اور ملکی سیاسی منظرنامہ اسٹاک ایکسچینج کی سمت پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
سرمایہ کاروں نے موجودہ تیزی کے رجحان کو ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل سرمایہ کاروں نے ’مثبت بجٹ‘ کے تناظر میں کھل کر سرمایہ کاری کی تھی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا تھا، اور ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبورکر گیا تھا۔
یہ پہلا موقع تھا کہ جب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 26 ہزار پوائنٹس کے نئے تاریخی ریکارڈ تک جاپہنچا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر تیزی معمولی مندی میں تبدیل ہوگئی۔
قبل ازیں اسرائیل کے ایران پر حملہ کے بعد عالمی سٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا۔