راچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 11 کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلوی اسٹار بیٹر سٹیو اسمتھ نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کو ایک شاندار تجربہ قرار ددیا
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے وقت سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ایک ماہ ٹیم کے ساتھ گزارا گیا وقت نہایت خوشگوار رہا اور کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی دیکھنے کو ملی۔
میچ میں ملتان سلطانز نے راولپنڈی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اہم دو پوائنٹس حاصل کیے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے، جس کے جواب میں سلطانز نے اسمتھ کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں :کیوی کرکٹر کا پی ایس ایل کے حوالے سے بڑا بیان سامنے آ گیا
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ اوپننگ بیٹنگ ان کے کھیل کے انداز سے مطابقت رکھتی ہے کیونکہ پاور پلے میں زیادہ مواقع ملتے ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل کو ایک مضبوط اور مسابقتی لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم میں معیاری کھلاڑی موجود ہیں، جس سے مقابلے مزید دلچسپ ہو جاتے ہیں۔
ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ان سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔ اسمتھ کے مطابق اگر کوئی نوجوان کھلاڑی مشورہ چاہے تو وہ ہمیشہ رہنمائی کے لیے تیار ہیں۔
سٹیو اسمتھ نے پاکستان میں مہمان نوازی اور ٹیم کے ماحول کو سراہا، تاہم شائقین کی کم تعداد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں زیادہ تماشائی ہوں تو مقابلے کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔ ٹیم کے اہداف پر بات کرتے ہوئے اسمتھ نے کہا کہ ملتان سلطانز آخری میچز میں بہتر کارکردگی دکھا کر ٹاپ ٹو میں جگہ یقینی بنانا چاہتی ہے۔

