پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں راولپنڈی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے نیوزی لینڈ کے کرکٹر کول مکونکی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایک اعلیٰ معیار کی ٹی ٹوئنٹی لیگ ہے اور یہاں کھیلنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
کول مکونکی نے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشگوار تجربہ ہوتا ہے اور راولپنڈی ٹیم کے ساتھ کھیل کر وہ بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم میں پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا ماحول بہت مثبت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیم کے نتائج اب تک توقعات کے مطابق نہیں رہے، تاہم وہ پر امید ہیں کہ آنے والے میچز میں کارکردگی بہتر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے مقابلے میں لاہور کے خلاف اچھی شروعات کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دیدی
کول مکونکی نے پاکستان کی کنڈیشنز کو نیوزی لینڈ سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی پچز کو سمجھنے میں وقت لگتا ہے، لیکن پہلے کے تجربے کی وجہ سے انہیں ایڈجسٹ کرنے میں آسانی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں :آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کیوں جوائن کی؟ آسٹریلوی کھلاڑی کے انکشافات
انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی اور کھانوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہیں ہمیشہ یہاں بہترین استقبال ملتا ہے۔ کول مکونکی کے مطابق پی ایس ایل میں دنیا بھر کے ٹاپ کھلاڑی حصہ لیتے ہیں، جس سے یہ ایک انتہائی مسابقتی لیگ بن جاتی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی ٹیم کو اب تک ایونٹ میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ ابھی تک کوئی میچ جیت نہیں سکی، تاہم ٹیم کو امید ہے کہ وہ آنے والے میچز میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

