بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور سیاستدان ارمیلا مٹونڈکر نے اپنے شوہر محسن اختر سے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کئی افواہیں گردش کر رہی ہیں، جبکہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے۔ ممبئی کی ایک عدالت کے ذرائع کے مطابق، ارمیلا نے طلاق کی درخواست دائر کی ہے، تاہم علیحدگی کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین سے گاڑیوں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، قیمتیں بھی سامنے آگئیں
ذرائع کے مطابق، یہ طلاق باہمی رضامندی سے نہیں ہو رہی، بلکہ یہ فیصلہ صرف ارمیلا کا ہے۔ وہ اپنے شوہر سے طلاق کے بعد اپنے کام پر توجہ دینا چاہتی ہیں اور فلموں میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، یہ دونوں گزشتہ کافی عرصے سے الگ رہ رہے ہیں۔
ارمیلا مٹونڈکر اور محسن اختر نے فروری 2016 میں شادی کی تھی، جو بالی ووڈ انڈسٹری اور ان کے مداحوں کے لیے حیران کن تھی۔ محسن اختر ارمیلا سے دس سال چھوٹے ہیں اور پیشے کے اعتبار سے وہ کشمیری بزنس مین اور ماڈل ہیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2014 میں ڈیزائنر منیش ملہوترا کی بھتیجی کی شادی میں ہوئی تھی۔