وفاقی حکومت نے مختلف قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق نئی شرح منافع 25 ستمبر 2024 سے نافذ العمل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیونگ، سپیشل سیونگ اکاؤنٹس اور ڈیفنس سیونگ سکیموں کے منافع میں کمی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ اور بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر بھی پہلے سے کم منافع فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: سرکاری ملازمین کی پنشنش ختم کرنے کیلئے سول سروس ایکٹ 1973 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ
مزید برآںپنشنرز اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس کا سالانہ منافع بھی کم کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنشنرز بینیفٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس کا منافع 15.36 فیصد سے کم کر کے 14.16 فیصد مقرر کیا گیا ہےجبکہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ کا سالانہ منافع بھی کم کر کے 14.16 فیصد کر دیا گیا ہے۔
ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 14.52 فیصد سے کم کر کے 12.72 فیصد کر دی گئی ہے۔یہ اقدامات بچت سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں، خاص طور پر پنشنرز اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے۔

