اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں، جہاں تازہ بمباری کے نتیجے میں 72 افراد شہید اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیل نے شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے تین دن میں شہدا کی تعداد 650 تک پہنچا دی ہے۔ اسرائیلی فوج نے لبنان میں ممکنہ زمینی آپریشن کے لیے دو ریزرو بریگیڈ طلب کر لیے ہیں۔
لبنانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے باعث پانچ لاکھ شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔ اسی دوران، غزہ میں بھی اسرائیل کے حملے جاری ہیں، جہاں 24 گھنٹوں میں مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، اور اب تک مجموعی طور پر 41,495 فلسطینیوں کی جانیں گئی ہیں۔
حزب اللہ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر پہلا حملہ کیا، جس میں موساد کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، اور تین اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی میزائل کو تباہ کر دیتا ہے، جبکہ لبنان سے شمالی اسرائیل پر راکٹ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک گھر میں آگ لگ گئی اور ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اسرائیلی آرمی چیف ہرزی ہلیوی نے کہا کہ جنوبی لبنان میں زمینی حملوں کی تیاریاں جاری ہیں اور فضائی حملوں نے بری فوج کے لیے کارروائی کو آسان بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 1600 ٹھکانوں پر بمباری کی ہے، جس کی شدت نے زمینی حملوں کی راہ ہموار کر دی ہے۔

