محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی اور رینجرز کو طلب کرلیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے اور ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی۔
راولپنڈی ڈویژن میں اسلحہ رکھنے اور نمائش پر بھی پابندی ہوگی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان کو پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔
اس پابندی کا اطلاق ہفتہ 28 ستمبر اور اتوار 29 ستمبر کو ہو گا، راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر احتجاج سے نمٹنے کے لیئے اٹک اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے رینجرز سے مدد مانگ لی، جس کے بعد راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہوں گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے راولپنڈی میں لیاقت باغ اور دیگر مقامات پر احتجاج کی کال پر راولپنڈی پولیس نے احتجاج سے نمٹنے اور امن وامان کی صورت حال قابو میں رکھنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔
ادھر پولیس آفیسر راولپنڈی نے امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر تمام چھٹیاں منسوخ کردیں، تعینات کردہ مقام سے غیرحاضر ہونے والے افسر واہلکار کے خلاف سخت اقدام کے تحت برطرف کردیا جائے گا ۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی جانب سے تمام ضلعی سرکل افسران و دفاتر کو آفس حکمنامہ بھجوادیا گیا ۔