وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ جولائی کے پہلے ہفتے میں ایران کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وہ تہران میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے جس کے بعد وزیراعظم ترکیے کا دورہ بھی کریں گے۔
دوسری جانب مجلس شوریٰ اسلامی ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے نام خط لکھ کر انہیں آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
ایرانی اسپیکر نے خط میں پاکستانی عوام، اسپیکر قومی اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای سے متعلق تعزیتی تقریب 3 جولائی 2026 کو تہران میں منعقد ہوگی۔
آیت اللہ علی خامنہ ای 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر تھے اور ملک کے اعلیٰ ترین سیاسی و مذہبی عہدے پر فائز رہے۔ وہ ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی تھے اور ملکی سلامتی، خارجہ پالیسی اور اہم ریاستی امور میں فیصلہ کن اختیار رکھتے تھے۔
آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں ایران نے خطے میں اپنے سیاسی اور دفاعی اثر و رسوخ کو وسعت دی، جبکہ مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات، جوہری پروگرام اور مشرقِ وسطیٰ کی سیاست کے حوالے سے بھی ان کا کردار انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
ایران امریکہ جنگ کے دوران ان کی شہادت کے بعد ایران میں کئی روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور مختلف ممالک کے رہنما تعزیت اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کے لیے تہران پہنچ رہے ہیں۔