وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری میں امن کے داعی کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے، پاک بحریہ کا معرکہ حق میں کردار شاندار رہا۔
پاکستان نیول اکیڈمی میں 125 ویں مڈ شپ مین اور 33 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
کراچی میں نیول اکیڈمی آمد پر وزیرِ اعظم کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا، تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، معززین اور کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین نے بھی شرکت کی۔
🚨پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 125 مڈ شپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ
مہمان خصوصی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی آمد اور کیڈٹس کی وزیراعظم کو سلامی.. pic.twitter.com/wrnjF5Phto
پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو دیکھ کر خوشی ہوئی، معرکہ حق میں نیوی کا کردار شاندار رہا، ان کی کامیابیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور یہی کامیابیاں انہیں پاکستان کی خدمت کے عظیم سفر میں مضبوط بنائیں گی۔
انہوں نے پاک بحریہ کی تربیت اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی ملک کے لیے بہترین افسران تیار کر رہی ہے جو مستقبل میں ملکی دفاع اور سلامتی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن اور تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، پاکستان امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکاکے درمیان معاہدے پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی ، پاکستان آج دنیا میں پیس میکر کے نام سے جانا جاتا ہے ۔
انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے مضبوط برادرانہ تعلقات کا مظہر ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں ایران سمیت دوست ممالک کی حمایت حاصل رہی، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پربطور ثالث دستخط کیے، ایرانی صدر کے حالیہ دورے کےبعد پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، پاکستان کواندرونی اوربیرونی طور پر چیلنجز کاسامنا ہے، افواج پاکستان مسلسل بیرونی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کامقابلہ کررہی ہیں۔
مڈشپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، مڈ شپ مین عمر مختار کو مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ اکیڈمی ڈرک مڈ شپ مین ہادی عباس خان کو دی گئی۔
آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل دیا گیا، شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ الویرا حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج صبح کراچی پہنچے جہاں سندھ کے گورنر نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔