نواز شریف نے ملک کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار دھرنوں کی سیاست کو قرار دیدیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں بنی گالہ گیا اور ملک کی خدمت کی دعوت دی، مجھے ٹھیک ٹھیک کہہ کر لندن گئے اور ملک واپس آکر دھرنا دیدیا۔ دھرنے کی سیاست نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے۔ کہا گیا کہ نواز شریف کی گردن میں رسہ ڈال کر نکالوں گااورکہتے تھے او آئی جی، او چیف سیکرٹری جیل میں ڈالو ں گا۔ ان کی کارکردگی صفر اور مار دھاڑ نمبر ون ہے۔ بڑے بڑے بول نہ بولا کرو، جیساکرو گے ویسا بھرو گے۔
مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ’اپنی چھت اپنا گھر ‘سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے پیسے ہیں جو عوام پر خرچ کیے جارہے ہیں۔کارخیر میں حصہ ڈالنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اس پروگرام کے آغاز پر بہت خوشی ہورہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں اچھا پروگرام شروع کیا ۔ اسی طرح ملک میں اگر عوامی حکومتوں کو کام کرنے دیا جاتا تو آج کوئی بے گھر نہ ہوتا۔
مزید پڑھیں: حکومتی سسٹم چلنے سےمتعلق پیشگوئی، عمران کامستقبل کیا ہے؟منظور وسان کا بڑا دعویٰ
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ لوگوں کے پاس زمین کے چھوٹے ٹکڑے کو بنانے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نےاس پروگرام کوعوام کے پیسے کا بہترین استعمال قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے کے تحت قرض فراہم کیا جا رہا ہے جس پر کوئی سود نہیں لیا جا رہا۔ مزید یہ کہ وہ اب سولر پینلز کی سکیم شروع کر رہے ہیں تاکہ بجلی کی بندش کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔
نواز شریف نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ وہاں سے لوگ علاج کیلئے پنجاب آرہے ہیں۔ جھوٹ اور خدمت کی سیاست میں فرق ہوتا ہے۔ کیا کبھی جیل سے یہ ہدایات بھی ملیں کہ خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے اپنا گھر اسکیم شروع کریں؟۔ عوام بھیڑ بکریوں کی طرح ان کے پیچھے چل پڑتے ہیں ان سے پچاس لاکھ گھروں کا حساب تو لیں۔