حج 2026 : سعودی عرب میں عازمین کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی

حج 2026 : سعودی عرب میں عازمین کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی

ہرسال کی طرح دنیا بھر سے فرزندان توحید اسلام  اہم رکن حج ادا کرنے مکہ مکرمہ پہنچ رہے ہیں اور سعودی عرب میں عازمین حج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں حج سکیورٹی فورسز کے کمانڈرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں دیگر ممالک سے حج کے لیے آنے والوں کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 30 فیصد عا زمین مکہ روٹ انیشی ایٹو کے ذریعے پہنچے ہیں جبکہ عازمین کی سہولت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام کے امام اور شاہی امورِ مذہبی کے مشیر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید نے حج انتظامات کو ’’دنیا کے لیے ایک مثالی ماڈل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب حجاج کی خدمت کو ایک عظیم دینی اور انسانی ذمہ داری سمجھتا ہے،  مملکت کی پوری حج و عمرہ مشینری اخلاص، خدمت، احترام اور ذمہ داری کے جذبہ کے ساتھ اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں مصروف ہے۔

رواں ہفتہ کے اختتام سے حج 2026 کے بابرکت مناسک کا آغاز ہونے والا ہے ،  فضاؤں میں ’’لبیک اللہم لبیک‘‘ کی صدائیں گونج رہی ہیں اور ہر سمت سفید احرام میں ملبوس اللہ کے مہمانوں کے روح پرور مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز ذی الحجہ کے پہلے جمعے کو لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ ادا کی، امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی نے ذی الحج کے پہلے 10 دنوں کی روحانی فضیلت بیان کی۔

یہ بھی پڑھیں :عازمین حج ہوشیار ! ایک غلطی جو آپ کو مہنگی پڑ سکتی ہے؟

اگرچہ مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں جاری کشیدہ حالات اور بعض فضائی راستوں میں رکاوٹوں کے باعث کئی پروازیں متاثر ہوئی ہیں، تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حجاج کی خدمت اور سہولت کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں ۔

حج سال میں ایک بار ادا کیا جانے والا وہ اسلامی فریضہ ہے، جسے ہر صاحبِ استطاعت مسلمان کے لیے زندگی میں کم از کم ایک بار ادا کرنا ضروری سمجھا جاتا ہے، اس کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں اور یہ دنیا کے سب سے بڑے اجتماعات میں سے ایک ہے۔

اس سال حج 25 مئی سے 29 مئی تک جاری رہے گا جبکہ تقریباً 15 لاکھ عازمین کی سعودی عرب آمد متوقع تھی لیکن یہ تعداد اس سے بڑھ گئی ہے اور ایک اندازے کے مطابق 20 لاکھ افراد کی آمد کا امکان ہے ، گزشتہ تین برسوں میں 17 سے 18 لاکھ افراد نے یہ فریضہ ادا کیا۔

مورخین کے مطابق گزشتہ 14 صدیوں کے دوران حج صرف تقریباً 40 مرتبہ ہی منسوخ یا محدود کیا گیا ہے، آخری بار ایسا 2020 میں کورونا وبا کے دوران ہوا تھا۔

editor

Related Articles