پاکستان تحریک انصاف کےممکنہ احتجاج پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے جائیں گے۔ چھبیس نمبر چونگی اور ٹیکسلا کے مقام سے کنٹینرز لگا کر شہر کو سیل کیا جائے گا۔
فیض آباد، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ اور مارگلہ روڈ بھی کنٹینرز لگا کر بند کی جائیں گی۔مزید برآںسنگجانی، فیض آباد، سیکٹر جی الیون چوک، گولڑہ موڑ فلائی اوور، اور انڈر پاس پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔
ریڈ زون کے تمام داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے جائیں گےاور ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج، اسلام آباد میں پرائیویٹ سکولوں میں چھٹی کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ اکتوبر سے ریڈ زون کی سیکیورٹی آرمی کے حوالے کر دی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اس سلسلے میں راولپنڈی میں پولیس کی معاونت کے لیے رینجرز بھی تعینات کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق شہر میں پولیس کی معاونت کے لیے 4 رینجرز کی کمپنیاں طلب کر لی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے صوبائی حکومت کے ذریعے وفاق سے رینجرز کی خدمات طلب کی ہیں۔رینجرز کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس کی معاونت کریں گی تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔