اسلام آباد: پولیس نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم سرکاری ذرائع نے گرفتاری کی تردید کر دی۔
تفصیلات کے یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ علی امین گنڈاپور کو شراب اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کوکسی بھی قانونی کارروائی کے لیے حراست میں نہیں لیا گیا، اور یہ تمام معلومات غلط ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ و شراب کی برآمدگی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین زیدی کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور کو بار بار طلب کیا گیا، لیکن وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔
عدالت نے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ کیس کی سماعت اب 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔