عدالت نے عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی دونوں بہنوں کو آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کو بھی اسی نوعیت کے ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کر دیا۔ڈیوٹی جج نے ہدایت کی ہے کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کو کل انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور عدنان خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی تھی، جبکہ 9 خواتین ورکرز کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی استدعا بھی کی گئی۔
خیال رہے کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو گزشتہ روز ڈی چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے 9 خواتین ورکرز کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا، اور 102 پی ٹی آئی ورکرز کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھیجنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں عمران خان کی بہنوں کو کل انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔