انگلینڈ نے پاکستان کو ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 47 رنز سے شکست دی۔
تین میچوں کی سیریز کے اس پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 152 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، انہیں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 116 رنز درکار تھے۔ گزشتہ روز ساتویں وکٹ کے لیے 69 رنز بنانے والے عامر جمال اور آغا سلمان نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔
آغا سلمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے عامر جمال کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 109 رنز جوڑے۔ اس دوران ایسا لگا کہ وہ میچ میں اپنی دوسری سنچری بھی بنا لیں گے، لیکن جیک لیچ کی ایک اندر آتی گیند نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ آغا سلمان نے 63 رنز بنائے اور پاکستان کی ٹیم 191 رنز پر ساتویں وکٹ گنوا بیٹھی۔
دوسری جانب عامر جمال نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ شاہین شاہ آفریدی کو بھی ایک موقع ملا جب انگلش فیلڈر نے ان کا کیچ نہ تھاما، مگر وہ صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کو پاکستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ وقت نہ لگا، اور پوری ٹیم 220 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح انگلینڈ نے میچ میں اننگز اور 47 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ انگلینڈ کی پاکستان میں مسلسل چوتھی ٹیسٹ جیت ہے، جبکہ پاکستان 500 رنز کرنے کے باوجود اننگز سے ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ اس ہار کے ساتھ ہی کپتان شان مسعود ٹیسٹ کرکٹ کی 76 سالہ تاریخ میں مسلسل چھ ٹیسٹ ہارنے والے پہلے کپتان بن گئے۔