اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما رانا شہباز نے عمران خان کی رہائی کے حوالے سے اہم پیش گوئی کر دی۔ عمران خان اکتوبر کے آخر یا نومبر میں رہا ہوں گے اور اس وقت وہ اپنے کارکنان کے درمیان موجود ہوں گے۔
آزاد نیوز کے نمائندے محسن بلال کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا شہباز نے کہا کہ عمران خان کے کیسز ایسے ہیں جیسے ناول کی سیریز۔ پہلے نیب، پھر ایف آئی اے، اور اب یہ توشہ خانہ کیسز۔ ان کے خلاف بے شمار کیسز بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں آئین کی پاسداری ضروری ہے۔ جب پنجاب اور خیبر پختون خواہ کی اسمبلیاں ختم ہوئیں تو آئین کے مطابق 90 دن کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں تھے۔ لیکن حکومت نے الیکشن نہیں کروائے، جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔
رانا شہباز نے اشارہ کیا کہ آئین اور قانون کی خلاف ورزیوں کے باوجود انہیں یقین ہے کہ عمران خان کو جلد ضمانت مل جائے گی۔ ہم نومبر میں ان کی ضمانت کے امکانات دیکھ رہے ہیں۔ اگرچہ عدالتوں میں تاریخیں طویل کی گئی ہیں، لیکن ان شاء اللہ خان صاحب کی رہائی ہوگی اور وہ ہمارے درمیان ہوں گے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور عمران خان کی رہائی کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔