پنجاب حکومت نے “اپنا گھر اپنی چھت” پروگرام کے لیے 34.73 ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی گورننگ باڈی کااجلاس ہوا جس میں “اپنا گھر اپنی چھت” پروگرام کے لیے رواں مالی سال کے لیے 34 ارب 73 کروڑ روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پھاٹا سے نجی شراکت داری کے تحت ہاؤسنگ منصوبے مکمل کرنے کا منصوبہ طلب کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پورٹل پر 5 لاکھ 44 ہزار افراد رجسٹرڈ ہیں، اور گھروں کی تعمیر کے لیے 2 لاکھ 80 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ گورننگ باڈی نے پھاٹا کو معاہدہ کرنے کی اجازت دے دی۔ وزیراعلیٰ نے درخواست دہندگان کے قواعد کی تصدیق کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ پھاٹا کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے سکیل کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
پھاٹا سروسز ریگولیشن 2004 کے تحت سول سب انجینئر کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی، اور بجٹ کی منظوری کابینہ کی بجائے پھاٹا گورننگ باڈی کی اجازت سے مشروط کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سابق ہاؤسنگ اسکیموں میں قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے درخواست دہندگان کے واجبات کی واپسی کی اجازت بھی دی گئی، جبکہ زیرالتوا ہاؤسنگ اسکیموں کا کیس ٹو کیس جائزہ لے کر منظوری کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔