پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر و جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ وہ آج عوام کو اہم پیغام دینا چاہتے ہیں۔ 15 تاریخ کو پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے، اور اس کا مقصد عمران خان صاحب تک رسائی حاصل کرنا ہے۔
حماد اظہراپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان پاکستان کا مستقبل ہیں اور اس وقت کی سب سے بڑی سیاسی حقیقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ان تک رسائی کو سازش کے تحت معطل کیا گیا ہے۔ ہماری ڈیمانڈ کوئی غیر قانونی یا ناجائز نہیں ہے؛ یہ قانون، آئین، اور قیدیوں کے حقوق کے مطابق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پرامن احتجاج کرنے کا حق ہے، اور جو لوگ ہمیں ریاست مخالف قرار دے رہے ہیں، وہ دراصل وہی ہیں جنہوں نے انتخابات میں دھاندلی کی، اور آئین کی خلاف ورزی کی۔
حماد اظہر نے واضح کیا کہ اگر عمران خان تک رسائی نہیں ملی، تو وہ خود اس احتجاج کی قیادت کریں گے۔ ان کا عزم ہے کہ اگر انہیں اپنی جان قربان کرنی پڑی تو وہ اسے بھی گوارا کریں گے۔
انہوں نے پارٹی کے تمام عہدے داران اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد پہنچیں اور اپنے عہدوں کی پاسداری کریں۔جو ٹکٹ ہولڈ ہے یا عہدے دار اس دن وہاں پہ نہیں پہنچے گا تو وہ اسے اگلے دن نا عہد دار رہے گا اورنہ پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ ہولڈر رہے گا ، کسی نے شرکت نہیں کی تو اس کا عہدہ معطل تصور ہوگا۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکمرانوں سے گزارش ہے کہ ہمیں فوری طور پر عمران خان تک رسائی فراہم کی جائے، ورنہ ہمارا پرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔