بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آئی ہے، چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قطر میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی قطر کی شاہی فیملی کے رکن شیخ طلال خلیفہ کے اے التھانی سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں باہمی تعاون اور دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے قطر کے وفد کو چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دے کر قطر اور دیگر ممالک میں بھجوایا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ یہ تاریخ میں پہلی بار ہے کہ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے وہ باعزت روزگار کے ساتھ زر مبادلہ بھی پاکستان بھیج سکیں گے۔
اس پروگرام سے نہ صرف معاشی استحکام میں بہتری آئے گی بلکہ غربت میں کمی بھی ہوگی۔ اس موقع پر شیخ خلیفہ کے اے التھانی نے اس پروگرام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قطر میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔