صدر مملکت آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے جہاں رہنماؤں کے درمیان مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم پر مشاوت جاری ہے۔
سربراہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلی پنجاب مریم نواز ودیگر نے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔
صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان، میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا ۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا آئین میں ترمیم کیخلاف جمعتہ المبارک کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کے درمیان مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بات چیت کی ۔
سیاسی قائدین کی ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، نوید قمر، مولانا اسعد محمود، مریم اورنگزیب اور مرتضی وہاب بھی شریک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن کو اعتماد میں لے گی، جبکہ سربراہ جے یو آئی اپنی جماعت کی جانب سے تیار آئینی مسودے سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے جس میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جائے گی، وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل دوپہر ڈیڑھ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔